Select Language

اللہ ﷻ کے کالے رنگ کے ہیلی کاپٹر اور پاک فوج

دسمبر-04-2015

اِس خواب میں پِھر میں بھٹکتا ہوا جا رہا ہوتا ہوں اور اللہ ﷻ سے دعا کرتا ہوں

"یا اللہ! مجھےحضرت محمد ﷺ خاتم الأنبياء کے راستے پہ چلا اور مجھ سے ایسے کام کروا جن سے تو خوش ہو جائے!"

اِس کے بعد مجھے ایک بڑی اور اونچی عمارت نظر آتی ہے، میں اُس عمارت کے اندر جاتا ہوں، پِھرمیں آگے جاتا ہوں اور عمارت کی چھت پہ پہنچتا ہوں تو میں کہتا ہوں ’’یہ وہی وقت ہے جب اللہ ﷻ مجھ سے بات کرے گا"۔ تو اُسی وقت اللہ ﷻ آسمان سے مجھ سے بات کرنا شروع کر دیتا ہے اور فرماتا ہے

"قاسم! میں تمھارے لیے ایک بڑا سا کالے رنگ کا طاقتور ہیلی کاپٹر بھیج رہا ہوں! پِھر میں تمہیں اِس کو اُڑانا سکھاؤں گا۔"

تھوڑی دیر میں ہیلی کاپٹر وہاں پہنچ جاتا ہے۔ اُس کے بعد اللہ ﷻ مجھے ہیلی کاپٹر کے بارے میں بتاتا ہے کہ اِس کو کیسے اُڑانا ہے۔ ابتداء میں وہ مجھ سے صحیح طریقے سے نہیں اُڑایا جاتا لیکن پھر بعد میں مجھے ہیلی کاپٹر اُڑانا آ جاتا ہے۔

میں ہیلی کاپٹر اُڑا کر پاکستان کی فوج کے پاس جاتا ہوں۔ پاک فوج کسی آپریشن پر جانے کے لیے تیار ہوتی ہے۔

میں آرمی چیف سے کہتا ہوں

"آپ مجھے بھی اپنے ساتھ لے جائیں! مجھے یہ ہیلی کاپٹر اللہ ﷻ نے دیا ہے اور اللہ ﷻ اور حضرت محمد ﷺ خاتم الأنبياء نے مجھے کہا ہے۔"

اللہ نے فرمایا ہے

"قاسم! ایک دن اُمّت مسلِمہ کو اِن اندھیروں سے نکالنے کے لیے تمہاری ضرورت پڑے گی۔"

تو آرمی چیف کہتے ہیں کہ "آپ کی مدد کا شکریہ! آپ آرام کریں، ہم اِس آپریشن کے لیے کافی ہیں!"

تو میں کہتا ہوں "جیسے آپ کی مرضی۔"

پاک فوج آپریشن کے لیے نکلتی ہے تو میں اُن کے ساتھ تھوڑی دور تک جاتا ہوں پِھر میں دوسری طرف نکل جاتا ہوں اور پِھر رات ہو جاتی ہے۔ میں ہیلی کاپٹر پر ہی سو جاتا ہوں۔

مجھے خواب میں خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ آتے ہیں اور فرماتے ہیں

"قاسم! پاکستان کی فوج مُشکل میں پھنستی چلی جا رہی ہے اوراُن کے پاس اسلحہ بھی ختم ہونے والا ہے۔"

تو میں اُٹھتا ہوں اور پاک فوج کی طرف جانے والا راستہ ڈھونڈتا ہوں، مگر مجھے راستہ نہیں ملتا۔

میں دل میں کہتا ہوں کہ "پاک فوج طاقتورفوج ہے، وہ نمٹ لے گی۔"

اور میں پِھر سو جاتا ہوں۔

خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ دوبارہ مجھےخواب میں آتے ہیں اور فرماتے ہیں

"قاسم! پاکستان اسلام کا آخری قلعہ ہے! اُٹھو! تمہیں پاکستان کو بچانا ہو گا! جاؤ اور پاک فوج کی مدد کرو!"

میں پِھر اُٹھتا ہوں اور کہتا ہوں

"خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ جب بھی دو بار خواب میں آتے ہیں تو اِس کا مطلب یہی ہوتا ہے کہ وہ کام مجھے ضرور کرنا ہے۔"

میں اِدھر اُدھر دیکھتا ہوں کہ پاک فوج کس طرف گئی ہو گی؟ پِھر میں دعا مانگتا ہوں کہ "یا اللہ مجھے راستہ دکھا!" تو میرے سامنے اللہ کا نُور آجاتا ہے اور میں اِس نُور کے پیچھے تیز رفتاری سے جاتا ہوں۔

پِھر میں وہاں پہنچ جاتا ہوں جہاں پاک فوج آپریشن کرکے آگے جا چکی ہوتی ہے۔ لیکن کچھ دہشتگرد ابھی بھی وہیں ہوتے ہیں اور زور پکڑ رہے ہوتے ہیں۔ میں اُن کو مشین گن سے ختم کرتا ہوں مگر مجھ سے نشانہ ٹھیک نہیں لگ رہا ہوتا اور کافی اسلحہ ضائع ہوجاتا ہے مگر میں اُن سب کو ماردیتا ہوں۔

پِھر آگے جاتا ہوں تو ایک دوسری جگہ بھی آپریشن ہو چکا ہوتا ہے مگر کچھ دہشتگرد وہاں بھی بچ جاتے ہیں۔

میں کہتا ہوں ’’قاسم! اِن چھوٹے دہشتگردوں کو چھوڑ اور پاک فوج کی مدد کر۔‘‘

تو میں ہیلی کاپٹر کو ایک بار پھر تیز رفتاری سے اُڑاتا ہوا اُس جگہ پہنچ جاتا ہوں جہاں پاک فوج آپریشن کر رہی ہوتی ہے۔ وہاں ایک ٹینک نُما بہت بڑی مشین ہوتی ہے جس کو پاک فوج تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہوتی ہے لیکن وہ تباہ نہیں ہو رہی ہوتی۔ صرف آرمی چیف اور دو دیگر ہیلی کاپٹروں کے پاس تھوڑی مقدار میں اسلحہ اور بارود موجود ہوتا ہے، باقی سب کے پاس اسلحہ ختم ہو چکا ہوتا ہے۔

پاک فوج کے ایک دو ہیلی کاپٹر بھی تباہ ہو چکے ہوتے ہیں۔ میں وہاں پہنچتے ہی اُس مشین پہ فائر کھول دیتا ہوں۔ میرا نشانہ ٹھیک نہیں لگتا مگر اللہ کی مدد سے میں اُس کو تباہ کر دیتا ہوں۔

اِس کے ساتھ ہی ایک اُس سے بھی کئی گُنا بڑی مشین آتی ہے اور آرمی چیف کے ہیلی کاپٹر پر میزائل پھینکتی ہے۔ میں اُس میزائل کو ہوا میں ہی تباہ کردیتا ہوں اور پاک فوج سے کہتا ہوں ’’آپ سب دور ہو جائیں! مجھے اِس مشین کا مقابلہ کرنے دیں!‘‘

تو پاک فوج کے ہیلی کاپٹر ایک طرف کو ہو جاتے ہیں۔ میں اُس مشین کے سامنے آکر اُس پر دو چھوٹے چھوٹے میزائل پھینکتا ہوں۔ وہ میزائل اُس مشین کے اندر جا کر پھٹتے ہیں اور وہ تباہ ہوجاتی ہے۔

اِس کے بعد پاک فوج ’’اللہ اکبر‘‘ کا نعرہ لگاتی ہے اور سب خوش ہو جاتے ہیں۔

آرمی چیف کہتے ہیں کہ ’’آپ نے تو یہ مشینیں بہت ہی آسانی سے تباہ کر دی ہیں۔ ہمیں آپ کی بات پہلے ہی مان لینی چاہیئے تھی۔ آپ بالکل صحیح وقت پر آئے ورنہ ہمارا اسلحہ تو تقریبا ختم ہو گیا تھا اور وہ مشینیں بھی تباہ نہیں ہو رہی تھیں۔‘‘

میں کہتا ہوں

"میں نے تو آپ سے پہلے ہی کہا تھا، مگر خیر اللہ ﷻ مجھے ٹھیک وقت پر یہاں لے آیا اور میں نے اِن مشینوں کو اللہ ﷻ کی مدد سے تباہ کردیا۔ اور یہ ہیلی کاپٹر اللہ ﷻ نے بھیجا ہے! اِس کے سامنے کوئی مشین نہیں ٹک سکتی۔"

Next Post Previous Post